رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف اور شبِ قدر اللہ کریم کی بہت بڑی عطا ہے۔امیر عبدالقدیر اعوان


سوہاوہ (پریس ریلیز)
رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف اور شبِ قدر اللہ کریم کی بہت بڑی عطا ہے۔امیر عبدالقدیر اعوان
اللہ کریم کا بہت بڑا احسان کہ ایک بار پھر رمضان المبارک کے رحمتوں اور برکتوں والے لمحات عطا فرمائے اور پھر ماہ مبار ک کے آخری عشرہ میں شب قدر کا عطا کرنا بہت بڑا انعام ہے۔ان ایام کو معمولی نہ جانا جائے بہت قیمتی لمحات ہیں اللہ کریم ہمیں یہ برکات حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ان لمحات کو قیمتی جانتے ہوئے اپنے شب و روز کو عبادات سے مزین کیجیے۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب
انہوں نے کہا کہ اللہ کریم کو معاف کرنا محبو ب ہے۔اُس نے رحمت کو اپنے اوپر لازم فرما رکھا ہے۔صرف بھوکا رہنا روزہ نہیں ہے آنکھ اور کان کا بھی پہرہ دینا پڑے گا۔یہ بڑا موقع ہے کہ صدق دل سے اُس کے حضور معافی مانگیں بخشش کا عشرہ چل رہا ہے۔جب معافی کے طالب ہوں گے معافی بھی ملے گی اور اس پر اجر بھی عطا ہو گا۔کوئی طالب بھی تو ہو۔بس شرط ایک ہی ہے کہ اس کے علاوہ کسی کی عبادت نہ کی جائے کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہرایا جائے۔آیت الکرسی کی آیات میں اللہ کریم کی واحدانیت بیان فرمائی گئی ہے۔آیت الکرسی کی آیات اگر فرض نماز کے بعد پڑھی جائیں تو اللہ کریم کی حفاظت نصیب ہوتی ہے اور بندہ شیطان سے محفوظ رہتا ہے۔یہ ایمان کی وہ عظمتیں ہیں جو آپ ﷺ کی نسبت سے نصیب ہوتی ہیں۔جب ایمان کمزور ہوتا ہے تو ہمارے اعمال بھی کمزور ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور اس وجہ سے ہماری ایمان کی روشنی کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔اس طرح ہم حفاظت الہیہ سے دور ہوتے چلے جاتے ہیں۔اللہ کریم اپنی حفاظت میں رکھیں اور ہمیں رمضان المبارک کی ا ن ساعتوں کو اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کے حکم کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔
یاد رہے کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفان منارہ میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں ملک بھر سے اور بیرون ممالک سے بھی سالکین اجتماعی اعتکاف میں شرکت کے لیے تشریف لاتے ہیں جس میں سنت اور نفلی اعتکاف کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مد ظلہ العالی روزانہ دن بارہ بجے سالکین سے خطاب فرماتے ہیں جو سوشل میڈیا پر براہ راست بھی دیکھا جا سکتا ہے۔معتکفین کو باقاعدہ ایک تربیتی پروگرام سے گزارا جاتا ہے جس میں تہجد سے لے کر رات گیارہ بجے تک کے معمولات شامل ہوتے ہیں جن میں ذکر اذکار،درس حدیث،فقہیہ امتحانات وغیرہ شامل ہیں۔اپنے سینوں کو برکات نبوت ﷺ سے منور کرنے کے لیے اجتماعی اعتکاف کے لیے تشریف لائیے۔Pothohar_News#

اپنا تبصرہ بھیجیں