عدم توازن سے کوئی شئے اپنا وجود قائم نہیں رکھ سکتی، امیر عبدالقدیر اعوان


سوہاوہ (پریس ریلیز )
رمضان المبارک بندہ مومن کو زندگی میں ایک بار پھر عطا ہو رہا ہے جو کہ اللہ کریم کا بہت بڑا احسان اور رعایت ہے۔ہم اس ماہ مبارک میں اپنے اعمال کا جائزہ لیں اور اس کی مبارک ساعتوں میں پُر خلوص ہو کر صرف اللہ کی رضا کے لیے عبادات کریں۔آج ہماری نافرمانیوں کے باوجود اللہ نے ہمیں پھر مہلت دی ہے کہ اس میں اجرو ثواب کو کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے ہم سب اس کی برکات کو دیکھتے ہوئے اس کے منتظر نظر آئیں۔
امیر عبدالقدیراعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا نظام اللہ کریم نے عدل پر قائم رکھا ہوا ہے۔عدم توازن سے کوئی شئے اپنا وجود قائم نہیں رکھ سکتی۔جب دنیا میں فساد بڑھتا ہے تو اللہ کریم ایسی مخلوق پیدا فرما دیتے ہیں جنہیں اللہ محبوب رکھتا ہے اور وہ اللہ کو محبوب رکھتے ہیں۔ہر شئے اللہ کا ذکر کرتی ہے جو مخلوق اللہ کا ذکر چھوڑ دے وہ فنا ہوجاتی ہے۔دارِ دنیا کی زندگی ہمارے دم سے ہے یہ سمجھ لینا درست نہیں ہے۔ہم نہیں تھے تو یہ دنیا قائم تھی ہم نہ ہوں گے تب بھی یہ نظام چل رہا ہوگا۔یہ دنیا نیکی کرنے والوں کی وجہ سے قائم ہے جب تک اللہ اللہ کرنے والا ایک بھی موجود ہے یہ دنیا قائم رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں بھی تحفظ نبوت کی ضرورت پیش آرہی ہے۔آپ ﷺ کی بعثت سب سے آخر میں ہوئی۔آپ ﷺ کی ذات اقدس نبوت کی عمارت کی تکمیل ہے۔دعا ہے کہ اللہ کریم ایسے لوگ پیدا فرمائیں جو ہماری تربیت کا سبب بنیں ہمارے گناہ ایسے ہیں کہ ہم اس معاشرے کی برائی کا مقابلہ نہیں کر پا رہے۔بڑی بڑی قومیں ان کے اعمال کی وجہ سے تباہ کر دی گئیں۔آج ہمارے معاشرے میں وہ ساری برائیاں موجود ہیں لیکن نبی کریم ﷺ کی بعثت کے صدقے اجتماعی عذاب ختم کر دئیے گئے۔
اللہ کریم ہمیں صحیح شعور عطا فرمائیں۔ آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی فرمائی۔Pothohar_News#

اپنا تبصرہ بھیجیں